حکیم محمد سعید دهلوی
(ادیب و دانشور )
علّامہ بڑی پہلو دار شخصیت کے مالک تھے۔۔۔
وہ شاعر وادیب عالم و فاضل سیاست دان اور دانشور اور ایک عظیم خطیب تھے
حضرت علّامہ رشید ترابی بڑی پہلودار شخصیت کے مالک تھے۔ اکثر لوگ اُن کو عظیم خطیب کی حیثیت سے جانتے ہیں اور واقعی اُن کا زورِ خطابت مسلّم مگر علّامہ ترابیؔ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ تھے ۔ بلکہ وہ کیا نہ تھے !۔۔۔ شاعر وادیب، عالم و فاضل، سیاست دان ، دانشور ۔ ایسا پہلودار انسان کسی ایک فرقے کا نمائندہ نہیں ہوسکتا۔ وہ مسلمان تھے اور اُن کی عظمت یہی تھی۔ مسلم لیگ کے سرگرم رکن تھے، مگر پاکستان میں اچھا کیا کہ انھوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی اور ملی کردار کی درستی بحالی پر توجہ صرف کی کہ مثبت و مؤثر سیاست کے لیے بلند کردار ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ اس میدان میں انھوں نے اہم نقوش چھوڑے ہیں ۔
مجھے ایک واقعہ یاد ہے، قومی پارلیمانی انتخاب میں جب میں نے ضرور تاً حصہ لینے کا فیصلہ کیا تو علّامہؔ محترم نے عزیزہ ڈاکٹر عالیہ امام کو میرے مقابلے میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا تھا اور میری تائید کا فیصلہ فرمایا تھا۔